دہشت گردوں کی واپسی، جرگہ بناکر مسئلہ حل کریں، پشاور ہائیکورٹ

دہشت گردوں کی واپسی، جرگہ بناکر مسئلہ حل کریں، پشاور ہائیکورٹ

پشاور (آئی این پی )پشاور ہائیکورٹ نے صوبے میں دہشت گردوں کی واپسی سے متعلق درخواست پر سینیٹر ایمل ولی سے کہا ہے کہ معاملہ سینیٹ میں اٹھائیں، قومی جرگہ بناکر تمام سیاسی جماعتوں کو بٹھائیں عدالت پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان کی صوبے میں دہشت گردی کے حوالے سے دائر درخواست پر پشاور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ گزشتہ صوبائی حکومت نے دہشت گردوں کی دوبارہ آباد کاری کا فیصلہ کیا تھا، دہشت گردوں کی دوبارہ آباد کاری سے امن وامان کا مسئلہ پیدا ہوگیا ۔ وکیل بابر خان یوسف زئی ایڈووکیٹ نے کہا کہ دہشت گردوں کی دوبارہ آباد کاری کے ذمہ داروں کی نشاندہی کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی جائے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے ۔ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا کہ درخواست گزار تو سینیٹ کا ممبر ہے وہاں پر یہ معاملہ کیوں نہیں اٹھاتے ؟ وہاں پر تو آج کل آپ کی زیادہ ضرورت ہے ، آپ اپنا ووٹ اس کے ساتھ مشروط کرلیں، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے پارلیمنٹ نے دوسروں کو بہت جگہ دی ہے ۔ بیرسٹر سلطان محمد خان نے کہا کہ ہم نے اس معاملے کو سینیٹ میں اٹھایا اور اسمبلی میں اٹھایا، حالات اب زیادہ خراب ہیں۔ عدالت نے کہا کہ کمیشن بنانا تو پارلیمنٹ کا کام ہے پارلیمنٹ کہے تو کمیشن بن سکتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں