ہائیکورٹ:ہر ضلع میں مقدمات کے چالانوں کی رپورٹ طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں منشیات کیس میں گرفتار ملزم عمران کی درخواست پر سماعت، عدالت نے پراسیکیوشن سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ پراسیکیوشن تفصیلی رپورٹ پیش کرے کہ ہر ضلع میں کتنے مقدمات کے چالان ججز کو مارک ہوئے ہیں ۔
دوران سماعت ایڈیشنل آئی جی نے چالانوں کی رپورٹ پیش کردی جس میں بتایا گیا کہ 20 ہزار نو سو 79 مقدمات کے چالان زیر التوا ہیں۔2022 کے تمام مقدمات کے چالان جمع ہوچکے ہیں۔ لاہور میں 2023 کے 33 مقدمات کے چالان زیرالتوا جبکہ فیصل آباد میں گیارہ ہزار کے چالان التوا میں ہیں ،ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ فیصل آباد میں چالان جمع کرانے میں پندرہ دن لگیں گے ۔پراسیکیوشن افسر نے بتایا کہ پولیس نے ہمیں بتایا کہ پراسیکیوشن میں 1 لاکھ 32 ہزار مقدمات کے چالان جمع کرائے گئے جسکی تصدیق کرلی گئی ہے ۔چیف جسٹس نے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور کہا ہم دیکھنا چاہتے ہیں کیا جو چالان ججز کو مارک ہوئے وہ عدالتی کاز لسٹ میں شامل ہوئے یا نہیں عدالت نے سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔