اسرائیل نے علاقائی امن خطرے میں ڈال دیا:پاکستان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تناؤ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے ،
اسرائیلی اقدامات کے نتیجے میں سنگین انسانی بحران پیدا ہوا ہے ، اسرائیل نے علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے ، لبنان پر حالیہ حملے نے کشیدگی میں مزید شدت پیدا کر دی ہے ، حملوں سے بے گناہ شہریوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ فلسطین، لبنان اور خطے کے لوگ خوف اور تشدد سے آزاد زندگی گزارنے کے مستحق ہیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ تناؤ میں کمی کیلئے کردار ادا کرے ، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپنے اس مطالبے کا اعادہ کرتا ہے خطے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھے ، پاکستان لبنان کی خودمختاری کے تحفظ اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے کے لیے بھی سلامتی کونسل سے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے ۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے 2 ریاستی حل کی مسلسل وکالت کی ہے ، 2 ریاستی حل مسئلہ فلسطین کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا ضامن ہے ،تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ امن کو ترجیح دی جائے ۔