بانی پی ٹی آئی لاشیں گرانا چاہتے ہیں :فیصل واوڈا

بانی پی ٹی آئی لاشیں گرانا چاہتے ہیں :فیصل واوڈا

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ،بانی پی ٹی آئی کو اپنے اقتدار کیلئے لاشیں چاہئیں اوروہ لاشیں گراناچاہتے ہیں۔

وہ چاہتے ہیں کہ معصوم پاکستانیوں کا خون بہے ،وہ پریشان ہیں کہ ملک سیدھی پٹڑی پر چل رہاہے ۔فیصل واوڈا نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کے اندر سے لاشوں کے ڈھیر گرانے کی تیاری ہے ، یہ ڈی چوک اس لئے آئیں گے کیونکہ انہیں تصادم چاہئے ، یہ بزدلی ہے کہ آپ غریبوں کو مروانے کیلئے احتجاج کررہے ہیں، عمران خان یہود کی غلامی کررہا ہے ، پہلے خود کو ذہنی غلامی سے آزاد کریں اورآزادی کی جدوجہد کیلئے اپنے بیٹوں کو پاکستان بلائیں۔انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈا پور ایک پیادہ ہے ، کے پی کے کے وسائل اپنے احتجاج کیلئے استعمال کر رہے ہیں، کے پی اور پنجاب کی پولیس آمنے سامنے کھڑی شیلنگ کررہی ہے ،عدلیہ کو کرداراداکرناہوگا۔فیصل واوڈا کا کہناتھاکہ بیرسٹرگوہر شریف آدمی ہیں، ان کو کہہ دیا بزدل ہے نکال دیں۔

مجھے اس دوراہے پر نہ لایا جائے کہ پھر مجھے اپنے فون سے چیزیں سب کے سامنے رکھنی پڑیں ۔ 2018 میں ہم نے مینڈیٹ چوری کیا آج انہوں نے کرلیا، پی ٹی آئی نے فیض حمید کو اپنا باپ بنالیا تھا،فیض حمید کے سامنے اس وقت کھڑا ہوا جب وہ کرسی پر تھے ، عمران خان کو پریشانی یہ ہے کہ معیشت بہتر ہوگئی ہے اور ملک پٹڑی پر چڑھ گیا ہے ، حکومت کی نالائقی ہے کہ وہ ان چیزوں کواجاگر نہیں کر رہی ہے ۔پاکستان کی ترقی کواب کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا،خان صاحب کو اگرغنڈہ گردی کرنی ہے تو دیکھ لیتے ہیں سیاسی فتح کس کی ہوتی ہے ، میری والدہ کا انتقال ہوا تو ان کا سوشل میڈیا پر تمسخر اڑایا گیا،ان میں سے نہیں جو 9 مئی کے بعد پریس کانفرنس کرکے الگ ہوئے ۔72 گھنٹوں میں یا اگلے ہفتے پھر پاکستان کیلئے بہت بڑی خبر آ رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں