اسلام آباد احتجاج کے دوران زخمی کانسٹیبل چل بسا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔
کانسٹیبل عبدالحمید 26نمبر چونگی پر تعینات تھے اور مبینہ طور پر جھڑپوں کے دوران انہیں اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اسلام آباد پولیس کے مطابق کانسٹیبل کو تشویشناک حالت میں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے ۔ایبٹ آباد کے رہائشی کانسٹیبل عبدالحمید انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھے اور 3 ماہ بعد ریٹائر ہونے والے تھے ۔ نمازجنازہ اتوار کی دوپہر پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں ادا کر دی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد بھی شریک ہوئے ۔ پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ وزیرداخلہ اور گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے جسد خاکی پر پھول رکھے گئے ۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبدالحمید کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔وزیراعظم نے واقعے میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اپنایا، اسی جماعت نے سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا اور پارلیمنٹ کا دروازہ بھی توڑا تھا۔