عمران کیساتھ بھٹو جیسی تاریخ دہرانے نہیں دینگے ،اچکزئی

عمران کیساتھ بھٹو جیسی تاریخ دہرانے نہیں دینگے ،اچکزئی

قلعہ سیف اللہ (آن لائن)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بھٹو کی تاریخ دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ جب تک فوج سیاست سے دستبردار نہیں ہوتی پاکستان میں سیاسی عدم استحکام اور مستقبل کی غیر یقینی برقرار رہے گی۔7اکتوبر شہدائے جمہوریت اور 11اکتوبر شہداء وطن کی یاد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئین میں ترامیم کے نام پر آئین پر شب خو ن  مارنے کی مزاحمت کریں گے ۔ 7 اکتوبر 1983 کو جب جنرل ضیاالحق کے مارشل لا کے تاریک دور میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے آئین اور جمہوریت کے بحالی کیلئے کوئٹہ میں ایم آر ڈی کی جانب سے طے شدہ احتجاجی جلوس نکالا جس پر مارشل لا کے حکام نے گولیاں برسا کر چار کارکنوں کو شہید، درجنوں کو زخمی کیا ۔اچکزئی نے انکشاف کیا کہ تحریک انصاف کو اپنے اسیر بانی کی زندگی کے حوالے سے تشویش ہے کہ کہیں ان کے ساتھ بھی بھٹو جیسی تاریخ نہ دہرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کا رابطہ باقی ملک سے منقطع رہا، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عمران خان اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ، بصورت دیگر حالات خانہ جنگی کی طرف جا سکتے ہیں۔مزید یہ کہ بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کا منصب بھی چھ ارب روپے میں بکنے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں