پی ٹی ایم کے کالعدم ٹی ٹی پی ،افغان طالبان سے رابطے تھے :عطا تارڑ
اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے پشتون تحفظ موومنٹ کے کالعدم ٹی ٹی پی اور افغان طالبان سے رابطے ہیں۔
حملوں میں افغان باشندے ملوث پائے گئے ۔پشتون تحفظ موومنٹ نے نہ صرف قومی پرچم نذر آتش کیا بلکہ بیرون ممالک پاکستان کے سفارت خانوں پر حملے کئے ،شواہد سامنے آنے پرپابندی لگائی گئی۔تحقیقات ہو رہی ہیں پی ٹی ایم کو فنڈز کہاں سے آ رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا پشتون تحفظ موومنٹ کی گزشتہ چھ ماہ کی سرگرمیاں ملک کے خلاف رہیں اس کو بیرون ملک سے پاکستان مخالف بیانیہ پر فنڈنگ کی جا رہی تھی۔انہوں نے کیا معیشت مستحکم ہو رہی ،روپے کی قدر میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا پختون ہمارے بھائی ہیں، پختونوں کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار رہا ہے ۔کسی بھی تنظیم کو ثبوتوں کی بنیاد پر ہی کالعدم قرار دیا جاتا ہے ۔کسی جماعت کو پاکستان پر حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔