ایف سی چوکی پر حملہ ناکام،2دہشتگرد ہلاک،حوالدار شہید

ایف سی چوکی پر حملہ ناکام،2دہشتگرد ہلاک،حوالدار شہید

راولپنڈی،اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور (ایف سی)کی چوکی پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شہید ہوگئے۔۔۔

پختونخوا کے علاقے میر علی میں بھی دو دہشتگرد مارے گئے ، جبکہ پاک افغان بارڈر کے نوشکی غزنالی سیکٹر میں افغان فورسز کی جارحیت ناکام بنا دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ژوب میں دہشت گردوں نے بدھ کی صبح سویرے ایف سی چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، جوابی کارروائی میں خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ،ہلاک دہشتگردوں میں انتہائی مطلوب عمر عرف عامری بھی شامل ہے جو کہ ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر حملے سمیت کئی کارروائیوں میں ملوث تھا۔دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ڈیرہ بگٹی کے رہائشی 39سالہ حوالدار جمشید خان شہید ہوگئے ۔دریں اثنا سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔مزید برآں پاکستان نے پاک افغان بارڈر کے نوشکی غزنالی سیکٹر میں افغان فورسز کی جارحیت ناکام بنا دی،سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے پاکستان کی پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی، پاکستان نے جوابی کارروائی میں افغان چوکیوں کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے تبادلے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستانی فورسز کی جانب سے باڑ کی مرمت کا کام جاری تھا،پاکستان کی موثر جوابی کارروائی سے افغان فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں