زرعی شعبے پر آئندہ سال یکم جولائی سے ٹیکس نافذ،وزیر خزانہ
اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے زرعی شعبے پر ٹیکس کا اطلاق آئندہ سال یکم جولائی سے ہوگا، چین کے ساتھ بجلی کے منصوبوں کے قرضوں کی ری پروفائلنگ پر مثبت بات چیت ہورہی ہے۔
میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا صوبوں کے ساتھ نیشنل فنانس پیکٹ پر پیش رفت ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا زرعی شعبے پر ٹیکس سے متعلق قانون سازی جنوری میں کی جائے گی، ٹیکس کا اطلاق آئندہ سال یکم جولائی سے ہوگا۔محمد اورنگزیب نے کہا کوشش ہے چین سے بجلی منصوبوں کے قرضوں کی ری پروفائلنگ کے معاہدے ہوجائیں۔خیال رہے ملک میں زرعی آمدن پر ٹیکس لاگو نہیں ہے ، اگر ٹیکس عائد ہوجاتا ہے تو یہ قیام پاکستان کے بعد پہلی بار ہوگا۔دریں اثنا محمد اورنگزیب سے ایشیائی بینک کے وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان کی معیشت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خزانہ نے معیشت کی بحالی کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کو سراہا۔ انہو ں نے معیشت کی مضبوطی کیلئے جاری حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی اور کہا اصلاحات کی بدولت معاشی بہتری کا سفر جاری ہے ،برآمدات میں اضافہ مہنگائی میں کمی اور معاشی بحالی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا آئی ایم ایف پروگرام کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب 70 کروڑ ڈالر ہو گئے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے پاکستان کے معاشی ترقی کیلئے اقدامات کو سراہا۔