ایس سی او اجلاس :ریڈزون میں داخلہ بند،سکیورٹی فوج کے حوالے

ایس سی او اجلاس :ریڈزون میں داخلہ بند،سکیورٹی فوج کے حوالے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خبرنگار ،نیوزرپورٹر ،خصوصی رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں )شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تمام حساس سرکاری عمارتوں کو آرمی، رینجرزاور ایف سی کی سکیورٹی میں دے دیا گیا۔

 23ویں سربراہان حکومت سمٹ کے انعقاد کیلئے ریڈ زون میں عام لوگوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ،اجلاس کے موقع پر اہم مقامات پر آرمی، رینجرز، ایف سی تعینات کی گئی ہے ۔انتظامیہ نے جڑواں شہروں کیلئے ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو نقل وحرکت محدودرکھنے کا کہا ہے ۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جناح کنو نشن سنٹر کا دورہ کیا ۔جہاں وزیرِ اعظم کو چیئرمین سی ڈی اے ، وزارت خارجہ کے حکام نے بریفنگ دی ۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف ایس سی او اجلاس کی صدارت کریں گے ،چین،روس،بیلاروس،قازقستان،کرغزستان،تاجکستان اورازبکستان کے وزرائے اعظم شریک ہوں گے ، ایران کے اول نائب صدراوربھارتی وزیرخارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے ، مبصرملک منگولیا کی وزیراعظم اورترکمانستان کے وزراکی کابینہ کے چیئرمین شریک ہوں گے ۔چین کے وزیر اعظم لی کیانگ اور روسی فیڈریشن کے وزیر اعظم میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن کل اسلام آباد پہنچیں گے ۔ وزیراعظم ایس سی اواجلاس کے موقع پروفودکے سربراہوں سے ملاقاتیں کریں گے ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ دوران اجلاس شہر میں کاروباری سرگرمیوں پر پابندی عائد نہیں کی گئی ،صرف ان کاروباری مراکز کو بند رکھا جائے گا جو روٹ پر واقع ہونگے ۔ اسلام آباد انتظامیہ نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے دوران شہر میں پلان کے مطابق روٹ لگایا جائے گا،روٹ کے دوران شادی ہالز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹ میں سرگرمیوں پرپابندی ہوگی ۔ اجلاس کی میزبانی کے لئے اسلام آباد کو مہمانوں کے استقبال کیلئے دلہن کی طرح سجا دیا گیا ۔ فیض آباد سے راول چوک تک شاہراہ کو کارپٹ کردیا گیا، سڑک کنارے پودوں کی بہار نے ماحول کو انتہائی خوشگوار بنادیا، فٹ پاتھ اور انڈر پاسز کو بھی رنگ وروغن کرکے نکھار دیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں