کراچی ائیرپورٹ دھماکا،غیرملکی خفیہ ایجنسی ملوث
کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے کے کیس میں اہم پیشرفت، سی ٹی ڈی کی ابتدائی رپورٹ میں خودکش دھماکے کو پاکستان اور چین کے تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیا گیا ہے ۔
کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ابتدائی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردی۔ رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے میں بلوچستان لبریشن آرمی کو ملوث قرار دیا گیا، دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ خودکش دھماکا آؤٹر ٹرمینل جناح انٹرنیشنل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا ۔پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پر پہنچی ۔ موقع پر دیکھا کہ پولیس ، رینجرز و دیگر افراد زخمی حالت میں موجود تھے ۔ دھماکے میں دو چینی باشندے لی جون اور سن ہوازین سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے ۔رپورٹ کے مطابق دھماکے میں وقار، الیاس ، نعیم ، رانو خان ، عظیم ، طارق ، علی، حمزہ ، صبیح سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے ۔ خودکش دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کرلی ہے ۔دھماکے میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں ۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے ۔مقدمہ قتل، اقدام قتل، حملہ، دھماکا خیز مواد ، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔