کراچی:پی ٹی آئی وفد کا چین کے قونصل خانے کا دورہ
کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے کراچی ایئرپورٹ دھماکے میں شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کے لیے کراچی میں چین کے قونصل خانے کا دورہ کیا۔
سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کی قیادت میں وفد میں پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فردوس شمیم نقوی، مصطفی کرانی اور ایم پی اے ریحان شامل تھے ۔ عارف علوی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کی توجہ سی پیک منصوبے سے ہٹانے کی گھناؤنی کارروائیوں کے سلسلے کا حصہ ہے ، ہم چین کے ساتھ اپنی دوستی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، میں کوویڈ 19 کے بعد چین کا دورہ کرنے والا پہلا سربراہ مملکت تھا جس میں، میں نے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فردوس شمیم نقوی نے اپنی پارٹی کی جانب سے تعزیت پیش کی اور کہا کہ چین ہمارا آہنی بھائی ہے ، ہماری توجہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے نہیں ہٹنی چاہئے ، جس سے پورے خطے کی ترقی ہوگی ۔چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے وفد کا خیرمقدم ، پی ٹی آئی قیادت کی چین کے لیے غیر متزلزل حمایت اور خیالات پر شکریہ ادا کیا۔