چیچہ وطنی :ٹرک کی کارکوٹکر ڈپٹی ڈائریکٹر اوگرا جاں بحق
چیچہ وطنی(نمائندہ دنیا)منی ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں اوگرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر جاں بحق جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق نواحی گاؤں 110 بارہ ایل کے قریب نیشنل ہائی وے پر منی ٹرک اچانک کار سے ٹکرا گیا۔ کار میں سوار اوگرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر مرزا نوید موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کا ڈرائیور خرم شدید زخمی ہوگیا جسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال منتقل کردیا گیا۔ متوفی ڈپٹی ڈائریکٹر کا لاہور سے ملتان تبادلہ ہوگیا تھا اور وہ نئی ذمہ داریاں سنبھالنے ملتان جارہے تھے کہ چیچہ وطنی سے گزرتے ہوئے کار کو حادثہ پیش آگیا۔ پولیس نے منی ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔