تحریک انصاف نے آج ملک گیر احتجاج کی کال دیدی

 تحریک انصاف نے آج ملک گیر احتجاج کی کال دیدی

پشاور، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،سیاسی نمائندہ ، نیوز ایجنسیاں )تحریک انصاف نے آج جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ آج شہر شہر احتجاج کے لئے نکلیں،بنگلادیش سے بڑا انقلاب ہماری راہ دیکھ رہا ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ویڈیو پیغام میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 18 اکتوبر کو نماز جمعہ کے بعد ہر شہر میں پرامن احتجاج کے لیے نکلیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی ورکرز کی رہائی کے لیے اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی اجازت نہ دینے کے خلاف پرزور طریقے سے اور پرامن احتجاج کے لیے نکلیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایک غیرآئینی ترمیم کی جارہی ہے ، عوام اس کے خلاف آواز اٹھائیں کیونکہ آج یہ وقت کا تقاضا ہے ، اگر ہم نے اپنے ملک اور آنے والی نسل کے لیے آواز نہ اٹھائی تو شاید جن حالات سے ہم گزے یا گزر رہے ہیں، ہماری آئندہ نسلیں اس سے بھی بدتر حالات سے گزریں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرا فیصلہ سازوں کو پیغام ہے کہ وہ ایسے فیصلے نہ کریں جو ملک کے عوام اور پاکستان کے مفاد میں نہیں، آپ جوابدہ ہیں، ان فیصلوں کا آپ کو جواب دینا پڑے گا، ان فیصلوں سے عوام یا پاکستان کو ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری آپ پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم حق، سچ اور حقیقی آزادی کے ساتھ اور اپنے آئین کے تحفظ کے لیے کھڑے تھے ، کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے ۔تحریک انصاف پنجاب کے قائم مقام صدر و جنرل سیکرٹری پنجاب حماد اظہر نے کہاکہ آج جمعہ کی نماز کے بعد ملک گیر احتجاج شروع ہو گا اور ہر ضلع میں یہ احتجاج ہو گا۔ پی ٹی آئی کی مقامی تنظیمیں پرامن احتجاج کے لئے ایک مقام کا اعلان کریں گی۔ جہاں پر فارم 47 کی جعلی حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج ہو گا۔ حماد اظہر کا کہنا تھاکہ پاکستان اس وقت ایک تاریخی موڑ سے گزر رہا ہے ۔ فیصلہ ہونے جا رہا ہے کہ ملک میں جبر اور بھونڈا انصاف ہو گا یا عوام کی اور حاکمیت اور آزاد عدلیہ ہو گی ۔میری درخواست ہے کہ کوئی پاکستانی گھر نہ بیٹھے بلکہ احتجاج میں بھرپور شرکت کرے ۔ تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شوکت محمود بسرا نے کہاکہ بنگلادیش سے بڑا انقلاب ہماری راہ دیکھ رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں