پختونخوا :تمام آبادی کیلئے لائف انشورنس سمیت 8فلیگ شپ منصوبے منظور

پختونخوا :تمام آبادی کیلئے لائف انشورنس سمیت 8فلیگ شپ منصوبے منظور

پشاور (اے پی پی)وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپورنے صوبے کیلئے 8 فلیگ شپ منصوبوں کا اجراکرنے کی منظوری دے دی ۔

سی ایم ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان فلیگ شپ منصوبوں میں صوبے کی تمام آبادی کے لئے لائف انشورنس کی فراہمی ، صوبائی حکومت کی اپنی اسلامی تکافل انشورنس کمپنی کا قیام، سولرائزیشن پروگرام ، ہوم سٹے ٹورازم سکیم کا اجرا، پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے کی تعمیر، 120 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر ،تجارتی کوریڈور حب کی تعمیر اورڈیبٹ مینجمنٹ فنڈ کا قیام شامل ہیں، یہ فلیگ شپ منصوبے سال 2027 کے آخر تک مکمل کئے جائیں گے ۔ یہ فیصلہ وزیراعلٰی سردار علی امین خان گنڈ اپور کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہوم سٹے ٹورازم پروگرام کے تحت دور دراز سیاحتی علاقوں میں سیاحوں کو گھروں میں رہائش کا تصور متعارف کرایاجائے گا،صوبائی حکومت لوگوں کو اپنے گھروں کے احاطے میں سیاحوں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لئے قرضے فراہم کرے گی۔ صوبے کے مالیاتی امور کے بہتر نظم ونسق کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر صوبائی حکومت کے تحت ڈیبٹ مینجمنٹ فنڈ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔خیبرپختونخوااس طرح کا فنڈ قائم کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا۔ صوبائی حکومت کے قرضوں کے کل حجم کا کم سے کم 5 فیصد اس فنڈ میں جمع کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں