پنجاب:جلسے،جلوس،مظاہروں پرپابندی،تعلیمی ادارے آج بند

پنجاب:جلسے،جلوس،مظاہروں پرپابندی،تعلیمی ادارے آج بند

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی آج اور کل جلسے اور جلوسوں پر پابندی ہو گی جبکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پنجاب کے تمام کالجز اور یونیورسٹیز میں چھٹی کا اعلان کیا ہے ۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن نے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔آج پنجاب میں تمام نجی و سرکاری کالجز اور یونیورسٹیز بند ہونگی۔لاہور بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو دوسرے سالانہ امتحان کے آج ہونے والے تمام پیپرز ملتوی کردیئے ۔ کنٹرولر امتحانات کا کہنا ہے کہ آج فزکس ،ہوم اکنامکس ، جغرافیہ ،ایگریکلچر اور نرسنگ کا پیپر لیا جاناتھا۔پیپرز کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔پابندی کا اطلاق آج اور کل ہو گا۔ اس دوران پنجاب بھر میں ہر قسم کے احتجاج، جلوس اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا۔ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی جلوس دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے ۔ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ دفعہ 144 کے تناظر میں احتجاج اور ہنگامے سے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگنے کا اندیشہ ہے ۔ کسی قسم کا احتجاج اور سرکاری و نجی تنصیبات پر حملے ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے ۔ محکمہ داخلہ کی سفارش پر محکمہ سکول ایجوکیشن اور محکمہ ہائر ایجوکیشن نے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں