قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی پھر تبدیل،تعداد 7سے 5کردی گئی

قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی پھر تبدیل،تعداد 7سے 5کردی گئی

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی ایک بار پھر تبدیل کردی، سلیکشن کمیٹی کی تعداد 7 سے کم کرکے صرف 5 ارکان تک محدود کردی گئی۔

بورڈنے 5 سلیکٹرز عاقب جاوید، علیم ڈار، اظہر علی، اسد شفیق اور حسن چیمہ کو ہی مکمل طور پر با اختیار بناتے ہوئے پلیئنگ الیون منتخب کرنے کا حق بھی سونپ دیا ہے ، کپتان اور ہیڈ کوچ کو 15 رکنی ٹیم کے ساتھ پلینگ الیون منتخب کرنے کے حوالے سے ووٹنگ رائٹس سے بھی محروم کرکے ان کے ہاتھ باندھ دیئے گئے ہیں۔15 رکنی ٹیم میں کس کو شامل ہونا چاہیے ، اس کا فیصلہ اب یہ پانچوں سلیکٹرز ہی کریں گے ۔ کس میچ میں کون سی پلیئنگ الیون کھیلے گی، یہ فیصلہ بھی اب یہ پانچ سلیکٹرز ہی کریں گے تاہم پندرہ رکنی ٹیموں کے ساتھ 11 ارکان کے انتخاب کے وقت عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار، اسد شفیق اور حسن چیمہ ٹیم کپتان اور ہیڈکوچ کے ساتھ مشاورت کے ضرور پابند ہوں گے ۔سلیکٹرز ٹیم انتظامیہ کی رائے ضرور لیں گے تاہم فیصلہ سازی کا مکمل اختیار ان کا اپنا ہوگا۔ تیسری باربنائی گئی سلیکشن کمیٹی میں کپتان اور ہیڈکوچ کے ساتھ نان ووٹنگ ارکان اظہر محمود، ندیم خان، بلال افضل اور عثمان واہلہ کو فارغ کردیا گیاہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں