دوسرا ٹیسٹ فیصلہ کن مر حلے میں داخل:انگلینڈ 261 رنز پاکستان کو 8 وکٹیں درکار

دوسرا  ٹیسٹ  فیصلہ  کن  مر حلے  میں  داخل:انگلینڈ  261  رنز  پاکستان  کو  8  وکٹیں درکار

ملتان(سپورٹس رپورٹر )ایک روز میں 16وکٹیں گرنے کے باعث پاک انگلینڈدوسراٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیاہے اورمیچ کافیصلہ آج چوتھے روزہی متوقع ہے ۔۔۔

 دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ پر 36 رنز بنائے اور اسے میچ جیتنے کیلئے 261رزنز جبکہ پاکستان کو 8 وکٹیں درکار ہیں،قومی ٹیم اپنی دوسری اننگزمیں 221 رنز پر آؤٹ ہوئی اور انگلینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 297 رنز درکار ہیں۔ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ ایک رن پر گرگئی، بین ڈکٹ صفر پر ساجد علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کیخلاف مہمان ٹیم کی دوسری وکٹ 11 رنز پر گری جب زک کراولی 3 رنز بناکر آوٹ ہوئے ،تیسرے روز کے کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے 2 وکٹ کے نقصان پر 36 رنز بنالئے ۔انگلینڈ کے اولی پاپ 21 اور جو روٹ 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 221 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ کو ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 297 رنز کا ہدف ملا۔پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا اور 9 کے مجموعے پر عبد اللہ شفیق صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ کپتان شان مسعود بھی 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ، دونوں کھلاڑیوں کو ثاقب بشیر نے آؤٹ کیا۔صائم ایوب پاکستان کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جبکہ پہلی اننگز کے سنچری سکورر کامران غلام 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی 23 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔

ان کے بعد صرف سلمان علی آغاز نے مزاحمت کی تاہم وہ بھی 63 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔پاکستان کی پوری ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 296 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔ قبل ازیں انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 239 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن 248 رنز پر ساجد خان نے برینڈن کیرس کو 4 رنز پر پویلین لوٹا دیا اور اننگز میں اپنا پانچواں شکار کیا جبکہ اگلے آنے والے کھلاڑی میتھیو پوٹس کو بھی ساجد خان نے بولڈ کیا، انہوں نے 6 رنز سکور کیے ۔جیمی اسمتھ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیک لیچ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں نعمان علی کے حصے میں آئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں