سینیٹ :اوور سیز پاکستانیوں کی پراپرٹی کیلئے عدالت کے قیام،ڈیپازٹ پروٹیکشن کے بلز منظور

سینیٹ :اوور سیز پاکستانیوں کی پراپرٹی کیلئے عدالت کے قیام،ڈیپازٹ پروٹیکشن کے بلز منظور

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ،نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں)سینیٹ نے اوورسیزپاکستانیوں کی پراپرٹی کیلئے عدالت کے قیام اورڈیپازٹ پروٹیکشن کے بلز منظور کر لیے ، وزیر خزانہ اورنگزیب نے ڈیپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن (ترمیمی) بل 2024 ایوان میں پیش کرنے کی تحریک پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔

 جس کے بعد انہوں نے بل منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا اور کہا بل فنانشل سسٹم کی مضبوطی کیلئے ہے ، بل کا مقصد بینکنگ نظام کو مضبوط کرنا ہے ، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بل کی شق وار منظوری لی،بعد ازاں ایوان نے یہ بل منظور کر لیا۔ سینیٹ میں سمندر پارپاکستانیوں کی پراپرٹی کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کا بل بھی اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک نے بل پیش کیا اور کہا بل کے تحت اب سمندر پارپاکستانیوں کے پراپرٹی تنازعات 90 روز میں حل ہوں گے ۔اجلاس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے ایوان میں 3 بلز پر رپورٹس پیش کی جبکہ قومی فرانزک ایجنسی کے قیام کے لیے بل ایوان میں پیش کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے قومی فرانزک ایجنسی بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔دریں اثنا سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ایس سی او سربراہِ حکومت کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر حکومت کو مبارکباد کی قرارداد یں منظور کر لی گئیں ۔ سینیٹ میں قرارداد شیری رحمن اور اسمبلی میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پیش کی۔دونو ں قرارداد وں میں کہا گیا کہ کانفرنس کی کامیابی دنیا میں پاکستان کے مقام کی راہ میں ایک نئی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے ۔تاہم سینیٹ میں تحریک انصاف کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کی گئی،سینیٹر علی ظفر نے قرارداد کو مسترد کرنے کا اعلان کیا۔سینیٹر عرفان صدیقی نے وقفہ سوالات سے صرف نظر کرنے کی تحریک پیش کی جسے چیئرمین سینیٹ نے ایوان میں منظوری کیلئے پیش کیا بعد ازاں ایوان نے اس کی منظوری دے دی،جس کے تحت وقفہ سوالات معطل کر دیا گیا۔بعد ازاں سینیٹ اجلاس آج سہ پہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں