پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائینگے :روسی وزیر اعظم

پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائینگے :روسی وزیر اعظم

اسلام آباد (وقائع نگار)روس نے پاکستان کی گیس انڈسٹری کی ترقی میں تعاون کی پیشکش کر دی ،تیل کی سپلائی بھی بڑھانے کا عندیہ دیدیا ہے ، ماسکومیں پہلے روس پاکستان تجارتی اور سرمایہ کاری فورم کے کامیابی کے ساتھ انعقاد کے بعد روسی وزیراعظم نے پاکستان میں دوسرے فورم کے انعقاد کی تجویز دیدی ہے ۔

یہ اہم پیشرفت شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس کی سائیڈ لائن میں وزیر اعظم شہباز شریف اور روسی وزیر اعظم میخائل مشسٹین کی ملاقات میں سامنے آئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق روسی وزیر اعظم نے پاکستان میں بھرپوراستقبال پر شکریہ ادا کیا، روسی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دوستی اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی ہیں۔ روس کی توجہ حکومت پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر مرکوز ہے ۔ جنوری تا اگست 2024 میں باہمی تجارتی حجم میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ہوا۔ تجارت کے فروغ، باہمی سرمایہ کاری اور توانائی، صنعت، زراعت، انفراسٹرکچر کی تعمیر، لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ میں نئے امید افزا منصوبوں کے آغاز کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا ہونگے ۔انہوں نے بتایا کہ روس نے پاکستان کو توانائی کی سپلائی بڑھا دی ہے جبکہ روسی کمپنیاں بھی پاکستان کی گیس انڈسٹری کی ترقی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں