چین کا قرضوں کی ری پروفائلنگ پر جواب حوصلہ افزا:وزیر خزانہ

چین کا قرضوں کی ری پروفائلنگ پر جواب حوصلہ افزا:وزیر خزانہ

واشنگٹن،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین نے توانائی کے شعبے کے قرضوں کی ری پروفائلنگ کی درخواست پر حوصلہ افزا جواب دیا ہے ۔

عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف)اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر بلومبرگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی بات شروع کی ہے اور جواب حوصلہ افزا ہے ، مذاکرات کے لحاظ سے ابھی ابتدائی ایام ہیں،ہمارے پاس بہت سے پروگرام ہیں، اتار، چڑھاؤ کے مراحل ہیں، ہمارے پاس ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو جاری رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ۔حکومت آئی ایم ایف کے کلائمٹ ریزیلینس فنڈ سے اضافی قرض کے حصول کیلئے بات چیت شروع کرنے پر غور کررہی ہے ۔ پاکستان جولائی 2025 سے ریٹیل اور زراعت جیسے شعبوں سے ٹیکس جمع کرنے کا خواہاں ہے ، صوبائی حکومتیں زرعی شعبے میں قانون سازی کریں گی۔

سٹیٹ بینک 4 نومبر کو ہونے والے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کرسکتا ہے ۔امریکا میں چینی سفارتخانے نے رابطہ کرنے پر وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کے قرضوں کی ری پروفائلنگ پر بیجنگ کے مثبت ردعمل کے دعوے پر تبصرے سے معذرت کرلی تاہم سفارتخانے کے ترجمان نے کہا چین پاکستان کی معاشی ترقی، لوگوں کے طرز زندگی کی بہتری اور معاشی استحکام کے تسلسل کی حمایت کرتا ہے ۔دریں اثنا وزیرخزانہ نے ڈائریکٹرآئی ایم ایف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے ،واشنگٹن میں جی 24 وزرائاجلاس سے خطاب میں وزیر خزانہ نے کہا ترقی پذیر ممالک پر قرضوں کے زیادہ بوجھ کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر خزانہ سے سعودی عرب اور ترکیہ کے ہم منصبوں اور سٹی بینک کے وفد نے بھی ملاقات کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں