400افسروں کی گریڈ 20 ، 21 میں ترقی کیلئے سلیکشن بورڈ اجلاس 25 نومبر کو طلب
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 14 ماہ بعد گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کے لئے سینٹرل سلیکشن بورڈ (سی ایس بی ) اجلاس 25 تا 27 نومبر کو بلانے کے احکامات جاری کر دیئے ۔
چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور چیئرمین سی ایس بی کی زیر صدارت اجلاس میں وفاق کے ماتحت سروس کیڈر کے 400 سے زیادہ افسران کو گریڈ 20 اور 21 میں ترقی دینے کی سفارشات منظور کی جائیں گی، بورڈ سفارشات کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے جس کے بعد افسران کی ترقی کے باضابطہ احکامات جاری کئے جائیں گے ، سی ایس بی بورڈ اجلاس گزشتہ سال اگست میں منعقد ہوا تھا جس کے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن تقرری نہ ہونے کے باعث اجلاس نہیں ہو سکا ، چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) اختر نواز ستی نے رواں ماہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ہے ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں، چیف سیکر ٹریز،آئی جیز، کابینہ سیکرٹری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اجلاس میں شرکت کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے . سی ایس بی بورڈ اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت سیکرٹریٹ سروس ،پولیس سروس اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 180 سے زیادہ افسران کو گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کی منظوری دی جائے گی، سیکرٹریٹ سروس گریڈ 19 کے 25 افسران کو 20 اور 10 افسران کو گریڈ 21 میں، پولیس سروس گریڈ 19 کے 30 افسران کو گریڈ 20 اور 10 افسران کو گریڈ 21 میں جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کے 80 افسران کو گریڈ 20 اور گریڈ 20 کے 40 افسران کو گریڈ 21 میں ترقی کی منظوری دی جائے گی، وفاق کے ماتحت پاکستان آڈٹ اینڈ اکائونٹس ،کسٹم سروس، ان لینڈ ریونیو، پوسٹل سروس، ریلوے ، اکنامسٹ سروس، ٹریڈ اینڈ کامرس سروس، انفارمیشن سروس، فارن سروس، ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ بورڈ سمیت 200 سے زیادہ ایکس کیڈر افسران کو گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کی منظوری دی جائے گی۔