پہلی بارمسافرطیارے کی بذریعہ سڑک کراچی سے حیدرآباد منتقلی
کراچی (سٹاف رپورٹر)ملکی تاریخ میں پہلی بار مسافر طیارے کو بذریعہ سڑک ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کیا جا رہا ہے ،ذرائع کے مطابق طیارے کو سڑک کے راستے کراچی سے حیدرآباد پہنچایا جارہا ہے ۔
طیارے کی منتقلی کیلئے خصوصی ٹرک اور ٹرالی استعمال کی جا رہی ہے ، ہوائی جہاز کے پر، انجن اور ٹائرز الگ کردیئے گئے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر لاجسٹک سی اے اے منیر عالم نے دنیا نیوز کو بتایا کہ ناکارہ جہاز کو حیدرآباد ائیرپورٹ سے متصل سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ منتقل کیا جارہا ہے جہاں زیر تربیت طلبہ اس سے مستفید ہوسکیں گے ۔ٹرانسپورٹر ہمایوں خالد نے بتایا کہ طیارے کی لمبائی 110 فٹ اور وزن 40 ٹن ہے ، یہ ناکارہ جہاز بوئنگ 737 ہے جس میں 240 لوگوں کے سفر کی گنجائش ہے ۔ طیارے کو رات گئے ائیرپورٹ سے سپرہائی وے منتقل کیا گیا،دوسری جانب موٹروے پولیس نے ٹول پلازہ کراس کرتے ہی جہاز کو روک لیا اور کہا جہاز کی این او سی کا مسئلہ ہے ، اجازت نامہ ملنے کے بعد باقاعدہ پروٹوکول بنایا جاتا ہے ، پروٹوکول کے بغیر جہاز کو جانے کی اجازت نہیں دے سکتے ، جہاز کے ساتھ موٹروے کی گاڑیاں لگانا پڑیں گی۔بعدازاں این ایچ اے کے اجازت نامے کی تصدیق کے بعد موٹروے پولیس نے بھی این اوسی جاری کردیا جس کے بعد نجی کارگو کمپنی سول ایوی ایشن حکام کی نگرانی میں ناکارہ طیارے کو براستہ ایم نائن موٹر وے حیدرآباد کی جانب روانہ ہوگئی۔اتنے بڑے جہاز کو دیکھ کر لوگ ارد گرد جمع ہوگئے اور خوب لطف اندوز ہوئے ۔بعض شہری لکڑی کی سیڑھی لگا کر جہاز کے اندر تک پہنچ گئے جنہیں کارگو کمپنی انتظامیہ نے باہر نکالا۔لوگوں نے تصاویر بنائیں اورسیلفیاں لیکرخوب لطف اندوز ہوئے ۔