ہوا کا رخ تبدیل ، سموگ میں کمی ،پابندیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

ہوا کا رخ تبدیل ، سموگ میں کمی ،پابندیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

لاہور(کامرس رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور میں سموگ کے بڑھتے مسائل پر سخت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔

 وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر خصوصی بچوں اور مختلف امراض میں مبتلا بچوں کو سکول آنے سے روک دیا گیا ہے جبکہ خصوصی تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز کی ہدایت دی گئی ہے ۔ سموگ سے متاثرہ افراد، خاص طور پر سانس، الرجی اور دل کے مریض بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے سموگ میٹی گیشن پلان بھی جاری کیا ہے جس میں انسداد سموگ کیلئے جامع روڈ میپ اور ٹائم لائن کے ساتھ اہداف تفویض کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ خود سموگ ڈیش بورڈ کے ذریعے محکموں کی کارکردگی روزانہ مانیٹر کر رہی ہیں۔عوام لاک ڈاؤن میں تعاون کریں، سینئر وزیر نے بتایا مشرقی ہوائوں کا رُخ بدلنے سے فضائی آلودگی انڈیکس میں نمایاں تبدیلی نے لاہور کو عالمی فضائی آلودگی کی فہرست میں چوتھے نمبر پر پہنچا دیا ہے ۔ دہلی 191 سکور کیساتھ پہلے ، بیجنگ 186 پر دوسرے ، کنساشا 178 پر تیسرے نمبر جبکہ لاہور 168 سکور کیساتھ چوتھے نمبر پر آگیا ہے ۔ماہرین نے نشاندہی کی ہے کہ امریکا اور چین کے فضائی آلودگی کے مختلف معیار بھی عالمی انڈیکس پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ امریکی معیار کے مطابق لاہور کا آلودگی انڈیکس 169 جبکہ چین کے معیار کے مطابق 109 سکور ہے ۔

دریں اثناانوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے لاہور کے تمام سپیشل ایجوکیشن سکولوں کو آلودہ ہوا کے حوالے سے حساس طبیعت یا طبی علامات رکھنے والے طلبہ کو آج جمعہ سے 3 ماہ کی تعطیلات پر بھیجنے کا حکم دے دیا۔ حکومت نے پنجاب بھر میں فصلوں کی باقیات ،سالڈ ویسٹ، کوڑا ، شاپنگ بیگز، ٹائر ، پلاسٹک جلانے ،ناقص ایندھن کے فروخت ، استعمال سمیت پانی کے بغیر سٹون کرشرز استعمال کرنے پر بھی پابندی لگادی ۔ محکمہ سپیشل ایجوکیشن نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں خصوصی افراد کے سکولوں میں 31 دسمبر تک چھٹیاں دیدیں۔ سموگ پرلاہور میں تعلیمی اداروں کو 3روز جمعہ، ہفتہ، اتوار چھٹی دینے اور اوقات کار میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے ۔ترجمان ادارہ تحفظ ماحولیات کے مطابق فیصلہ نومبر کے پہلے ہفتے انسداد سموگ جائزہ اجلاس میں ہوگا۔ سموگ لاک ڈاؤن کے تحت لاہور میں شملہ پہاڑی کے گردونواح میں موٹر سائیکل رکشوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا 4نومبر تک داخلہ بند کردیاگیا۔نادرا آفس اور شاہین کمپلیکس کے باہر پارکنگ کو دیگر مقامات پر منتقل کر دیا گیا ، گڑھی شاہو چوک، پولیس لائنز، منٹگمری روڈ اور ڈیوس چوک سے کوئی رکشہ شملہ پہاڑی نہیں آئے گا۔شاہراؤں پر بیریئر لگا کر ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی پر موجود ہیں، اوپن باربی کیو پر رات 8 بجے کے بعد پابندی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں