توشہ خانہ ٹو :عمران کی درخواست ضمانت پیر کو سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور (اپنے نامہ نگار سے ، خبر نگار ، عدالتی رپورٹر )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت پر اعتراضات دورکرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو پیر کو کیس مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر نیب کے آخری گواہ پر جرح مسلسل 35 ویں سماعت پر بھی نہ ہو سکی ۔ بشریٰ بی بی پیش نہ ہوئیں۔ سماعت چار نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔ وکیل صفائی عثمان ریاض گیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی نے ابھی تک پلیڈر مقرر کئے جانے سے متعلق ہدایات نہیں دی ہیں ۔عدالت کو یقین دہائی کراتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی پیش ہو جائیں گی یا انکا پلیڈر مقرر کر دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی کو جی ایچ کیو حملہ کیس کے چالان کی نقول تقسیم کر دی گئیں، چالان کی نقول پانے والے ملزموں کی تعداد 103 ہو گئی، شاہ محمود کی طبی بنیادوں پر عدالت میں حاضری نہ ہو سکی ۔ اڈیالہ جیل میں انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تھانہ آر اے بازار کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی ۔شاہ محمود قریشی کے حوالے سے آر اے بازار پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم شاہ محمود قریشی کی طبیعت ناساز ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہو سکتے ۔تمام ملزموں میں نقول تقسیم ہونے کے بعد ملزموں پر فرد جرم عائد کی جائے گی، عدالت نے اس مقدمہ کی آئندہ تاریخ 8 نومبر مقرر کر رکھی ہے ۔لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں پانچ سالہ نا اہلی کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کے وکیل کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی۔ بانی پی ٹی آئی کو سردیوں کے کپڑے اور گرم شالیں فراہم کر دی گئیں.کتابیں اور دیگر سامان بھی دیدیا گیا ۔سامان کی فراہمی دو روز قبل بانی کی احتساب عدالت میں شکایت پر کی گئی ۔ادھر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سماعت کے دوران اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ۔