شہبازشریف کا آصف زرداری کو فون، خیریت دریافت
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کا پائوں فریکچر ہونے پر انہیں فون کر کے صحت سے متعلق خیریت دریافت کی اور صدر مملکت کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
دریں اثنا وزیر اعظم اگلے ہفتے دوبارہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر عرب اسلامی سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے 10نومبر کو ریاض پہنچیں گے ،سعودی عرب کی میزبانی میں دوسری عرب اسلامی سربراہی کانفرنس11نومبر کو ہوگی جس میں فلسطین ، لبنان سمیت خطے کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا ، اسلامی ممالک کے رہنما مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تجاویز دیں گے ۔مزیں برآں صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا صحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزادی ِصحافت ممکن نہیں، ہماری حکومت نے صحافیوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کی پاسداری کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھائے ہیں،پاکستانی صحافیوں نے جمہوریت، آئین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی کیلئے عظیم قربانیاں دیں،صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کیلئے صحافی و میڈیا ورکرز کے تحفظ کا ایکٹ 2021پاس کیا گیا،صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس بھی وفاقی حکومت کے صحافیوں کے تحفظ کیلئے ایک اہم اقدام ہے ،پاکستان میں صحافیوں کے خلاف جرائم کو روکنے ، ارتکاب کرنے والوں کی سزا یقینی بنانے اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے پر عزم ہیں، آئین پاکستان آزادی اظہارِ رائے ، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے اور حکومت پاکستان اس کو یقینی بناتی ہے ۔