ای سی سی:گردشی قرضہ انتظام و انصرام کے منصوبہ کی منظوری
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)نے مالی سال 2024-25 کیلئے گردشی قرضہ کے انتظام وانصرام سے متعلق منصوبہ کی منظوری دے دی، منصوبہ کا مقصد بجلی شعبہ میں واجبات کم کرنا اور مالیاتی پائیداریت بڑھانا ہے۔
ای سی سی نے دال ماش، دال چنا اور مرغی کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل پرائس مینجمنٹ کمیٹی کو وزارت قومی غذائی تحفظ اور صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر صورتحال پر نظر رکھنے اور عوام کو جلد ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں اہم ایجنڈا امور کا جائزہ لیا گیا۔ ایس سی او حکومتی سربراہان کے 23ویں اجلاس سے متعلق وزارت اطلاعات کی واجبات کی ادائیگی کیلئے 95.822ملین روپے کی تکنیکی اضافی گرانٹ کی درخواست پر ہدایت کی گئی کہ وزارت اپنے بجٹ 2024-25سے رقم دوبارہ ترتیب دے ، مالی سال کے اختتام پر شارٹ فال کی صورت میں وزارت خزانہ مطلوبہ اضافی گرانٹ فراہم کرے گی جبکہ وزارت داخلہ کی اسلام آباد سیف سٹی کیمروں کی مرمت، امن و امان کیلئے اخراجات کی 650.35ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری پر جاری مالی سال کے وزارت کیلئے مختص بجٹ سے رقم کی دوبارہ تخصیص اور اسلام آباد کی خوبصورتی کے اخراجات 2.70ارب روپے کی سمری پر سی ڈی اے اور وزارت داخلہ کو تھرڈ پارٹی تصدیق کروا کر دوبارہ سمری پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزارت صنعت کی پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے تناظر میں خیبر پختونخوا سے چینی برآمدات کی رپورٹ پیش کی گئی، ای سی سی نے قومی اعداد و شمار کی بنیاد پر اپنا فیصلہ برقرار رکھا۔ سپریم کورٹ کی عمارتوں کی مرمت و دیکھ بھال کیلئے وزارت ہاؤسنگ سے 151.787ملین روپے منتقلی کی سمری، پٹرولیم ڈویژن کی پی ایس او اور سوکار آذربائیجان کے مابین پٹرولیم مصنوعات سے متعلق سیل پرچیز ایگریمنٹ کی منظوری دے دی گئی۔