توشہ خانہ ٹو :عمران کی درخواست ضمانت پر 12 نومبرکو سماعت
اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے نامہ نگارسے ، خبر نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقررکردی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 12 نومبر کو سماعت کریں گے ،رجسٹرار آفس نے ضمانت کی درخواست مقرر کرنے کی کاز لسٹ جاری کر دی۔عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت کے لیے نوٹس جاری کر رکھا ہے ،بشری ٰبی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظور ہوچکی ہے ۔ادھر اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کے 342 کے بیان کے لیے جمعہ کا دن مقرر کر دیا گیا ۔190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی، وکلا صفائی نے 35 گواہوں پر جرح مکمل کر لی، نیب کے پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید کوئی شواہد پیش نہیں کرنا چاہتے ۔عدالت نے بانی پی ٹی آ ئی اور بشریٰ بی بی کے 342 کے بیان کے لیے 8 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔8 نومبر کو عدالت بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کو 342 کے بیان کے سوال نامے فراہم کرے گی ۔عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ،بشریٰ بی بی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئیں۔