سموگ :گورنر پنجاب نے فوری ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا
لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے سموگ کی صورتحال میں فوری ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے نگران حکومت نے سموگ پرقابو پالیاتھا،اس وقت کے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے منصوبوں پرعمل کیاجائے ۔
گورنر ہائوس میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ کے ہمراہ کاشتکاروں کے مسائل پرپریس کانفرنس میں انہوں نے کہا زراعت پرتوجہ دی جائے تو ملک کے بیشترمسائل حل ہوسکتے ہیں۔ کسان کیلئے گنے کی اچھی سپورٹ پرائس طے کرکے ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ۔ حکومت کو کسانوں کے مطالبات لکھ کر بھیجوں گا ۔ گورنر نے کہاسموگ بہت بڑا مسئلہ ہے ،حل کیلئے فوری ایمرجنسی نافذ کی جائے ،سابق نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے انسداد سموگ کیلئے جو کام کیا وہ قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا ن لیگ کیساتھ مجبوری کا الائنس ہے لیکن جہاں اداروں کا نقصان اور سسٹم غیر مستحکم ہو وہاں پیپلز پارٹی ملکی مفاد کی خاطر ن لیگ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ حکومت کو 5 سال پورے کرنے چاہئیں تاکہ سیاسی ومعاشی استحکام آئے ۔ حسن مرتضیٰ نے کہاکئی سال سے پنجاب کے کاشتکار مشکلات کا شکار ہیں،حکومت انہیں مافیا کا نام دیتی ہے جسکی مذمت کرتے ہیں۔ گنے کی کرشنگ شروع ہونیوالی ہے تاحال قیمت طے نہیں ہوئی ۔وائس چیئرمین کسان اتحاد طاہر سلیم نے کہا قیمت طے کرنے کے باوجود گندم کو نہیں خریدا گیا۔ گنے کی فی من قیمت ساڑھے پانچ سو مقرر کی جائے ۔ حکومت ایک سال کیلئے زرعی ایمرجنسی لگائے ۔
مطالبات منظوری کیلئے 20نومبر کو اسمبلی ہال کے سامنے احتجاج کی کال دے رکھی ہے ۔قبل ازیں گورنر سلیم حیدر سے چیئرمین فیصل جہانگیر ملک اور پیٹرن انچیف پنجاب پیر ناظم حسین شاہ کی زیرقیادت رائس ایکسپورٹرز کے وفد نے ملاقات کی ،رائس ایکسپورٹ کو بہتر بنانے کامطالبہ کیا ۔گورنر نے انکے مسائل وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔