صیہو نیت کی تبلیغ اور علامت کی نمائش پر3سال قید اور جرمانہ:قائمہ کمیٹی داخلہ میں بل منظور
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے صیہونیت کی تبلیغ اور اس کی علامت کی نمائش پرسزا کا بل منظور کرلیا۔
مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر افنان اللہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں کریمنل لا ترمیمی بل پیش کیا جس کی وزارت داخلہ کی جانب سے مخالفت نہیں کی گئی اور کمیٹی نے بل منظور کرلیا۔ قائمہ کمیٹی کی جانب سے پاس بل کے متن کے مطابق دانستہ صیہونیت کی تبلیغ سے معاشرے میں نفرت پیدا کرنے پر 3 سال قید اور 40 ہزار روپے جرمانہ ہوگا ۔بل کے مطابق صیہونیت کی تبلیغ اورنشان کی نمائش پر وارنٹ کے بغیر گرفتاری نہیں ہوگی اور یہ قابل ضمانت جرم ہوگا ۔ مسلم ریاست ہونے کے ناطے یہاں صیہونیت کی تبلیغ یا نشان کی نمائش برداشت نہیں کی جاسکتی اس موقع پر سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ پاکستان میں بھی صیہونی کے نظریات کے لوگ موجود ہیں، صیہونیت کی تبلیغ اور ان کے نشان پرپاکستان میں پابندی لگائی جائے ۔ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں ریپ کیسز میں سزا بڑھانے کے حوالے سے ترمیمی بل پیش کیا گیا جس پر سب کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔کمیٹی 10 روز میں اپنی رپورٹ دے گی ۔سینیٹر ثمینہ زہری نے کہا کہ اسلام آباد میں 4 بینکوں میں ڈکیتیاں سب نے دیکھیں، ملک کے داخلی راستوں کو مزید محفوظ بنانے کی ضرورت ہے ، چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ اسلام آباد کو ہم اسلحہ فری کس طرح بنا سکتے ہیں؟ جس پر آئی جی نے کہا کہ میں اس پر بریفنگ بنا کر لاؤں گا اور آپ کو بتاؤں گا ۔