ڈیر ہ غازی خان:ٹرک کی وین کو ٹکر،سکول پر نسپل،4خواتین اساتذہ جاں بحق

ڈیر ہ غازی خان:ٹرک کی وین کو ٹکر،سکول پر نسپل،4خواتین اساتذہ جاں بحق

ڈیرہ غازیخان،ننکانہ صاحب(ڈسٹرکٹ رپورٹر،خبر نگار )بین الصوبائی شاہراہ ڈیرہ کوئٹہ روڈ پر سکول سٹاف وین اور ٹرک میں تصادم سے 4خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق، 6خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔

جاں بحق افراد میں4 خواتین اساتذہ اور پرنسپل شامل ہیں۔کوئٹہ روڈ ایئر پورٹ کے نزدیک سبزی سے لوڈ تیز رفتار ٹرک نے نجی سکول کی سٹاف وین کو ٹکر ماردی ،حادثے میں پرنسپل امجد امین اور چار خواتین ٹیچرز کرن بی بی، مس نوشین، مس طاہرہ اور گل زریں جاں بحق ہو گئیں جبکہ 6 زخمی ٹیچرز 22 سالہ علیزہ بی بی، 21 سالہ زہرہ اسلم، 35سالہ منزہ بی بی، 34  سالہ نوشابہ، 21سالہ مس افشیں اور 21 سالہ شہرین کو ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا جہاں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ڈپٹی کمشنر عثمان خالد اور ڈی پی اوسید علی نے ہسپتا ل پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی ،تھانہ گدائی پولیس نے مقدمہ درج کرکے ٹرک کو قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کردی، ڈرائیور فرار ہوگیا تھا، بعد ازاں پرنسپل امجد امین کی تدفین کردی گئی ۔ننکانہ کے علاقہ میں دو ٹریفک حادثات میں4افراد جاں بحق ہوگئے ۔ننکانہ شاہکوٹ روڈپر چک وٹواں سٹاپ کے قریب تیز رفتار بس نے دو موٹر سائیکل سواروں35 سالہ عتیق الرحمن اور 38 سالہ حبیب الرحمن کو روند ڈالا جوزخموں کی تاب نہ لاکر موقعہ پر دم توڑ گئے ۔لاہور جڑانوالہ روڈ پرمغلاں والا کے قریب ٹائر پھٹنے سے بچوں کو سکول لے جانیوالااوور لوڈ رکشہ الٹ گیا جسے پیچھے سے آنیوالے تیز رفتار ٹرک نے کچل ڈالا جس سے 8 سالہ فیضان اور 16 سالہ سلمان زخموں کی تاب نہ لاکر موقعہ پر زندگی ہار گئے جبکہ ایک بچہ اور3 بچیاں زخمی ہوگئیں، ریسکیو 1122 عملے نے لاشیں تھانہ صدر ننکانہ صاحب اور منڈی فیض آباد پولیس کے حوالے اورزخمی بچوں کو رورل ہیلتھ سنٹر ریحان والا منتقل کر دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں