سموگ:سپورٹس گالا ملتوی،کمرشل جنریٹرز پر آلودگی روکنے والا آلہ لگانے کا حکم

سموگ:سپورٹس گالا ملتوی،کمرشل جنریٹرز پر آلودگی روکنے والا آلہ لگانے کا حکم

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر ،عدالتی رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب میں سموگ کی شدت میں کمی نہ ہو سکی، آلودگی کے اعتبار سے لاہور بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

سموگ کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر سپورٹس گالا ملتوی کر دیا گیا جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے گرین لاک ڈاؤ ن کے علاقوں میں استعمال ہونیوالے کمرشل جنریٹر ز پرایک ہفتے میں آلودگی روکنے والا آلہ لگانے کا حکم دیا ہے ۔تفصیلات کے مطا بق لاہور میں گزشتہ روز سموگ کی اوسط شرح 822 ریکارڈ کی گئی تاہم ڈی ایچ اے فیز 8 کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1254 تک پہنچ گیا ، شملہ پہاڑی اور امریکی قونصلیٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 876 ریکارڈ کیا گیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے آلودگی کے حوالے سے کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا اورحکم دیا ہے کہ کمرشل جنریٹرز میں آلودگی کو کنٹرول کرنے والا آلہ آئندہ 7 روز میں نصب کیا جائے ،آلہ نصب نہ کرنے والے جنریٹرز کو سیل کیا جائے اور جب تک آلہ نہیں لگایا جاتا ان کو سیل رکھا جائے ۔ تحریری حکم میں کہاگیاکہ ہاٹ سپاٹ ایریاز سے تجاوزات کو ہٹایا جائے تاکہ ٹریفک رکنے سے آلودگی پیدا نہ ہو،عدالت نے حکومت کے سموگ کے حوالے سے اقدامات کی تعریف بھی کی ۔ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں سموگ کی وجہ سے چھٹیوں کے احکامات کی خلاف ورزی پر متعدد سکولوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے متعدد کو شوکاز جاری کرتے ہوئے 11نومبر کو وضاحت کیلئے طلب کرلیا ۔

ڈپٹی ڈی ای اوز اور اے ای اوز نے گزشتہ روز اپنے علاقوں کے سکولوں کے دورے کئے ۔سی ای او ایجوکیشن نذیر حسین کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں خلاف ورزی کرنے والے اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر لاہور میں سموگ کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر سپورٹس گالا ایونٹ ملتوی کر دیا گیا،جس کا انعقاد سموگ سیزن کے بعد کیا جائے گا ۔ان کاکہناتھاکہ 9 ہزار کسانوں کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ سکولوں میں سموگ کے خلاف طلبہ کو لیکچر دیئے جا رہے ہیں ، مساجد سے سموگ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کے اعلانات کئے جا رہے ہیں ۔ 9 سے زائد مقامات پر فصلوں کی باقیات کو جلانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور15 افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے 4 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔لاہور اور ملتان کے بعد راولپنڈی بھی آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو گیا،گزشتہ روز ایئر کوالٹی انڈیکس 282 ریکارڈ کیا گیا، راولپنڈی انتظامیہ نے 3 روز قبل سموگ ایمرجنسی نافذ کی تھی اورضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرکے انسداد سموگ مہم شروع کر دی گئی ہے ۔مری میں ایئرکوالٹی انڈیکس 150 کی حد عبور کر گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں