گھروں میں اسلام نافذکریں،امت کی مشکلات کا سبب اللہ کے احکامات سے روگردانی:علما کرام
لاہور، رائیونڈ(نیوز ایجنسیاں)رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتما ع کے دوسرے مرحلے میں مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ربیع الحق آف بنگلہ دیش، مولانا عبدالرحمن ،مولانا محمد اسماعیل گودرہ،مولانا زبیر الحسن نظام الدین انڈیا،مولانا احمد لاٹ آف انڈیا،مولانا محمد فاروق ودیگر نے کہا کہ اپنے گھروں میں اسلام نافذ کریں۔
معاشرے کی اصلاح کیلئے سب سے پہلے اپنی اصلاح ضروری ہے ،آج کا مسلمان ذلیل ورسوا ہورہا ہے ،امت کی مشکلات کا سبب اللہ کے احکامات سے رد گردانی ہے ،حقیقی خالق کو منا لیں ،احوال کی درستگی خود بخود ہو جائے گی ،اخلاق ،معاملات ،معاشرت سب کو اسلامی بنانے کی ضرورت ہے ،اغیار کی نقالی کو چھوڑ کر آقائے کائنات ﷺکی اطاعت کو اپنا لینے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابیاں ہیں ، انسان ماں کے پیٹ سے آیا اور قبرکے پیٹ کی طرف دوڑ رہا ہے ، قبر ایک بہت سخت امتحان گا ہ ہے ،دنیا فانی کی بجائے ابدی زندگی کی فکر کریں،قبر کو روشن کرنے والی واحد نماز ہے اس کو پابندی سے تھام لیں، انشا اللہ خیر ہوگی، خود اور اپنے اہل خانہ کو دین کا پابند بناؤ ، پردے کا اہتمام ہر امتی پر فرض ہے ۔ دکھ تکلیف ،ہرحاجت کیلئے اپنے رب کو پکاریں ،اپنے دلوں کو قرآن حکیم کی تلاوت سے روشن کریں ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر قانون و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے رائیونڈ اجتماع کا دورہ کیا۔ ۔ صوبائی وزیر نے اجتماع کے منتظمین سے ملاقات کی اور بریفنگ لی ۔ انہوں نے اجتماع کے روٹ اور اس کے اردگرد سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔