9 مئی کے 4میں عمران خان کی ضمانت منظور

9 مئی کے 4میں عمران خان کی ضمانت منظور

لاہور ، راولپنڈی، اسلام آباد (عدالتی رپورٹر، خبر نگار، اپنے نامہ نگار سے )انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی کے 4 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانتیں منظور کر لیں۔

عدالت نے مسلم لیگ ن کا دفتر جلانے ،شیر پاؤپل پر تقاریر اور جلاؤ گھیراؤ،نیشنل پارک گلبرگ کے سامنے کنٹینر جلانے اور گلبرگ میں پولیس وینز جلانے کے مقدمات میں 5،5لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کی دلائل دینے کیلئے مزید مہلت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آپ پہلے ہی اپنے دلائل دے چکے ہیں،باربار دلائل سے وقت ضائع ہو گا، اب ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ ہونا چاہیے ۔ادھر توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، فیصلہ منگل کو سنایا جائے گا ۔ فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کر دی گئی، اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی ،بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کی بریت کی درخواستوں پر وکلا صفائی اور سپیشل پبلک پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل کر لئے ۔ سماعت کے لیے بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ،بشری ٰبی بی توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئیں۔ اڈیالہ جیل میں 190ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت ،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی میں 342 کے بیان کے لئے سوال نامہ تقسیم کر دیا گیا ۔

سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، سوال نامے میں پانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس سے متعلق 79 سوالات پوچھے گئے ہیں ، سوال نامہ بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کی موجودگی میں ان کے وکیل سلمان صفدر نے وصول کیا ۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے 11 نومبر کو 342 کے سوال نامے کے جواب عدالت میں جمع کروائے جائیں گے ،عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 11 نومبر تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو جی ایچ کیو حملہ کیس میں ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ وکلاء صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ فرد جرم عائد کرنے سے قبل تمام ملزموں کو نقول تقسیم نہیں کی گئیں ۔ملزموں پر فرد جرم عائد کرنے سے قبل دائر درخواست بریت پر پہلے سماعت مکمل کی جائے ،سماعت کے دوران شیخ رشید کے وکلا سردار رازق ایڈووکیٹ اور سردار شہباز خان ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید ایف آئی آر میں نامزد نہیں ،انہیں 6 ماہ بعد ملوث کیا گیا ۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 16 نومبرتک ملتوی کر دی ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سرداراعجازاسحاق خان کی عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر بانی پی ٹی آئی کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق منگل کو ملاقاتیں کرانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں