شمالی وزیرستان:سکیورٹی فورسز کی3کارروائیاں ،10خوارجی دہشتگرد ہلاک
اسلام آباد (وقائع نگار ،نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 3مختلف کارروائیوں کے دوران 10خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کیں ،خوارج کے ایک ٹھکانے پر آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خوارج ہلاک ہو گئے جبکہ سپن وام میں ہی پاکستان اورافغانستان کی سرحد سے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیاگیا ،جہاں دہشتگرد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، فائرنگ کے نتیجے میں دو خوارج ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ۔ قبل ازیں ایک اور آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے تلاش کیا گیا اورفائرنگ کے تبادلے میں 6خوارج دہشت گرد ہلاک اور 6زخمی ہوگئے ، ہلاک کئے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا،علاقے میں مزید خوارجیوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک خوارج سکیورٹی فورسزکے خلاف دہشتگردی اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے ، علاقے میں کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کاکہناتھاکہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں خوارج کے خِلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور بہادری کو سراہا ۔ ان کاکہناتھاکہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خاتمے کیلئے کاروائیاں جاری رکھیں گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اورشہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سپن وام میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا اور 10 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔