ماحولیات، جنگلی حیات، آبی ذخائر کا تحفظ ترجیح:وزیر اعلیٰ پختونخوا
پشاور (این این آئی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا صوبائی حکومت ماحولیات کے شعبے میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے اشتراک کا خیر مقدم کرتی ہے۔
ماحولیات، جنگلی حیات اور آبی ذخائر کا تحفظ پہلے ہی سے صوبائی حکومت کے ترجیحی شعبے ہیں اور صوبائی حکومت اس حوالے سے بین الاقوامی اداروں کی سرگرمیوں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے حکام کے ساتھ پروگرامز پر عملدرآمد کیلئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ پاکستان کے سی ای او حماد نقوی کی زیر سربراہی وفد نے ملاقات کی۔ جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تبادلہ خیال، ماحولیات، جنگلی حیات اور آبی ذخائر کے تحفظ سمیت سیلابوں کے نقصانات کم کرنے کیلئے اشتراک کار میں وسعت پر اتفاق اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ری چارج پاکستان پروگرام کے اجراء کا اصولی فیصلہ کیا گیا جس کے تحت گرین انفراسٹرکچر میں اضافہ، سیلابوں سے زرعی زمینوں کو محفوظ بنانے اور آبی ذخائر کے تحفظ کے مختلف منصوبے شروع کئے جائیں گے ، 10ہزار ہیکٹر اراضی کو سیلابوں کے خطرات سے بچایا جائے گا۔