آئی ایم ایف وفد کی آج آمد، بریفنگ کیلئے ورکنگ مکمل
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) آئی ایم ایف کا وفد آج پہنچنے کا امکان ہے ۔ ذرائع نے بتایا پاور سیکٹر کے نقصانات، کم ریکوریوں اور گردشی قرض کی ورکنگ تیار کر لی گئی جس پر آئی ایم ایف کو بریف کیا جائے گا، آئی ایم ایف مشن معاشی اہداف کے ساتھ توانائی شعبے کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔
ذرائع پاور ڈویژن نے بتایا دو سال کے دوران ڈسکوز فروخت شدہ بجلی کے 551 ارب روپے کے وصولی میں ناکام رہی ہیں، یہی انڈر ریکوری گردشی قرض میں اضافے کا سبب بنتی ہے ۔ انڈر ریکوری میں بہتری کے بجائے اضافہ ہوا، مالی سال 2023 کے مقابلے میں 2024 میں 79 ارب روپے اضافہ ہوا۔ ڈسکوز مالی سال 2023 میں 236 روپے ریکور نہ کرسکیں جبکہ مالی سال 2024 میں یہ رقم بڑھ کر 315 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ ریکور نہ ہونے والی رقم میں آزاد کشمیر کے پیسے اور بلوچستان کے ٹیوب ویلز کی رقم بھی شامل ہے ۔ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان کے تحت مالی سال 2025 میں ڈسکوز کی شرح 90 فیصد رکھی گئی ہے ۔ ریکوری میں سب سے کم شرح کیسکو کی 31 فیصد رکھی گئی، سیپکو کی 68 فیصد، پیسکو کی 88 فیصد اور حیسکو کی 80 فیصد رکھی گئی ہے ۔