پی آئی اے خریداری پاکستانی گروپ کی نئی پیشکش
کراچی(آئی این پی )بیرون ملک مقیم پاکستانی گروپ نے پی آئی اے خریداری کیلئے نئی پیشکش کردی،سابقہ 125 ارب روپے کی پیشکش میں مزید 5 ارب کا اضافہ کردیا۔
النہانگ گروپ نے وزیرنجکاری، وزیرہوا بازی، وزیر دفاع و دیگر متعلقہ حکام کو ایک اور مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں قومی ائیرلائن کی خریداری کیلئے کسی بھی دوسری کمپنی کے مقابلے میں 5 ارب کی اضافی رقم کی پیشکش کی گئی ہے۔ النہانگ گروپ کا کہنا ہے کہ اگلے دوہفتے یا زائد مدت کی آفرکیساتھ ہراہل گروپ سے 5 ارب روپے اضافی دینے پر تیار ہیں۔ پی آئی اے کے 250 ارب کے واجبات ادائیگی کی بھی یقین دہانی کراتے ہیں، ملازمین کو بیدخل نہ کرنے ، ابتدا میں 30 فیصد بعد ازاں 100 فیصدتنخواہیں بڑھانے کی پیشکش بھی برقرار ہے ۔ گروپ کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کیلئے عمدہ بزنس پلان ، فضائی بیڑے میں جدید طیاروں کی شمولیت کا عزم کرتے ہیں ۔خط میں کہا گیا ہے کہ یہ پیشکش پاکستان اور قومی ایئرلائن کیساتھ دلی وابستگی کا مظہر ہے ، پی آئی اے کی منصفانہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق فروخت کے حامی ہیں۔