بابا گورو نانک کے جنم دن کی مرکزی تقریب کا انعقاد

بابا گورو نانک کے جنم دن کی مرکزی تقریب کا انعقاد

لاہور، ننکانہ صاحب ( کرائم رپورٹر، ایجوکیشن رپورٹر، صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ تمام مذاہب قابل احترام ہیں،حکومت پاکستان مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے ۔

 یاتریوں کی مہمان نوازی ہمارا قومی فریضہ ہے ۔بابا گورو نانک دیو جی کی انسانیت کے لیے تعلیمات قابل فخر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے 555ویں جنم دن کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی  کے پردھان و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اس موقع پر کہا کہ سکھ تاریخ پاکستان کے نام کے بغیر نا مکمل ہے ۔یاتری پاکستان سے پیار محبت کا پیغام لیکر جائیں گے ۔دہلی گورودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار ہرجیت سنگھ پپا نے کہا کہ مذہبی عبادت گاہوں کی حفاظت اور تزین و آرائش پر ہم حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے شکر گزار ہیں۔ بھا ئی جوگا سنگھ نے سکھ قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آ نے سے نہ ڈریں یہاں پر جتنی مذہبی آزادی ہے وہ کہیں اور میسر نہیں ۔

تقریب سے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطا الرحمن ، اراکین صوبائی اسمبلی سمیت سکھ و سیاسی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا جبکہ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال ، ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر ،پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر ، ڈپٹی کمشنر ودیگر افسروں نے شرکت کی۔ آخر میں سکھ رہنماؤں کی طرف سے وفاقی وزیر سمیت دیگرشرکا میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے ۔علاوہ ازیں ہزاروں سکھ یاتریوں نے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے جلوس نکالا، اس موقع پر پھولوں سے لدی ہوئی ایک بس میں چاندی کی پالکی جس میں گورو گرنتھ رکھا ہواتھا جلوس کے ساتھ آہستہ آہستہ چل رہی تھی ،جلوس میں شامل نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے بینڈ باجے کی دھن پر بھنگڑا، لڈی ، کوبرا ڈانس ، بریک ڈانس پیش کر کے اپنی بے پناہ خوشی کا اظہار کیا۔بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کے موقع پرلاہور سیف سٹیز ہیڈکوارٹر سے ننکانہ صاحب سیف سٹی کیمروں کی سینٹرلائز مانیٹرنگ کی گئی ، ننکانہ صاحب سیف سٹی سینٹر سے 7 بڑے گور و دواروں کی کیمروں سے سرویلنس ، گورو دواروں اور سکھ یاتریوں کی سکیورٹی کیلئے 145 سے زائد کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں