بھارتی پنجاب سے آلودہ ہوائیں پھر آگئیں،لاہور کا سموگ میں پہلا نمبر

بھارتی پنجاب سے آلودہ ہوائیں پھر آگئیں،لاہور کا سموگ میں پہلا نمبر

لاہور(سٹی رپورٹر)بھارتی پنجاب سے ہوائیں پاکستان میں داخل ہونے لگیں جس کی وجہ سے پنجاب میں فضائی آلودگی میں پھر اضافہ ہوگیا ۔گزشتہ صبح کے وقت لاہور میں فضائی معیارانتہائی خراب رہا اورفضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہوردنیا بھر کے شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا۔

باغوں کے شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح 499 پر جا پہنچی، کینٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 698 جبکہ ڈی ایچ اے کے  علاقے کا اے کیو آئی 565 ریکارڈ کیا گیا۔ فیصل آباد میں 424، ملتان میں 378 اور روجھان میں پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 275 رہی۔ادھر سموگ میں کمی پرپابندیوں میں نرمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد پنجاب بھر کے تفریحی مقامات آج سے کھل جائیں گے ۔ چیف میٹرولوجسٹ علیم الحسن کا کہنا ہے کہ ہواؤں کا رخ شمال مغرب سے جنوب مشرق کی طرف ہونے کے باعث کل تک شہر لاہور میں سموگ کی شرح میں اضافہ ہو گا، لاہور میں تاحال بارش کا کوئی امکان نہیں البتہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برف باری متوقع ہے ۔پنجاب میں ہونے والی اینٹی سموگ مہم کے تحت دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی پڑتال کا گرینڈ ایکشن کیا گیا، جس میں 1250 گاڑیوں کی چیکنگ ہوئی اور 128 کو بند کر دیا گیا۔ لکھوڈیر، شاہدرہ، ملتان روڈ، ٹھوکرنیازبیگ، گجومتہ، سگیاں اور بادامی باغ کے داخلی راستوں پرناکے لگائے گئے ہیں، بھاری گاڑیوں کو داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے مارکیٹوں کو رات 8 بجے اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے کے بعد بند کروانے کے حکم پر عملدرآمد شروع کر دیا جس کے تحت ضلعی انتظامیہ نے اوقاتِ کار کی خلاف ورزی کرنے والی 63 دکانوں کو سیل کر دیا گیاہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں