پی ٹی آئی کا احتجاج ملک کے مفاد میں نہیں:گورنر پنجاب

 پی ٹی آئی کا احتجاج ملک کے مفاد میں نہیں:گورنر پنجاب

لاہور (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحادی حکومت کا کامیابی سے چلنا ضروری ہے ۔

 بطور اتحادی سیاسی ومعاشی استحکام کیلئے حکومت کو مضبوط کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ سے ملاقات پر کیا ۔ملاقات میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا وزیراعظم کی مشاورت سے اتحادیوں کے تمام تحفظات دور کیے جائینگے ۔ گورنر نے کہا استحکام کیلئے سب کو مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ۔ حکومت ایسے اقدامات سے احتراز کرے جس سے عام آدمی متاثر ہو۔ ایمرجنسی اقدامات اٹھاتے وقت انسانی و سماجی مشکلات کو مد نظر رکھنا چاہیے ۔ مختلف شہروں اور شاہراہوں پر پھنسی ایمبولینسز کو فوری راستہ دینا چاہیے ۔ پی ٹی آئی کا روزانہ احتجاج ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، اس نے کبھی پرامن احتجاج نہیں کیا ۔ اسکے احتجاج کامقصدصرف افراتفری پھیلانا ہے ۔

کوئی بھی محب وطن پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کو تیار نہیں۔ مجھے یقین ہے کہ پنجاب سے احتجاج کیلئے کوئی نہیں نکلے گا۔گورنر نے کہا سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،بشریٰ بی بی کا بیان تعلقات میں خلل ڈالنے کی کوشش ہے ۔ سعودی عرب پرالزام لگاناقابل مذمت ہے ۔ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر ملک احمد شاہد کی جانب سے شادی پورہ میں اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب میں گورنر سلیم حیدر نے کہا ن لیگ کیساتھ اتحاد صدرآصف زرداری کی وجہ سے ہے ،پیپلز پارٹی کو نقصان ہوا لیکن ملک کیلئے قربانیاں دیتے آئے ہیں اور دیتے رہیں گے ،جو لوگ سسٹم کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں وہ ملک کو چلنے دیں۔ بلاول بھٹو ہی ملک کا حقیقی لیڈر ہے ،بلاول کو وزیراعظم بنائینگے ۔تقریب میں ،عزیز الرحمن چن، آصف ناگرہ، ملک احسن، قاسم بٹ، ملک اظہر ، چودھری محبوب، رمضان بھٹی، ملک عمیر، چودھری شفیق ودیگر رہنما شریک ہوئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں