ہواؤں کا رخ پھر لاہور کی طرف، دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا
لاہور(دنیا نیوز،این این آئی)بھارت سے آنیوالی آلودہ ہواؤں کا رخ پھر لاہور کی طرف ہوگیا، لاہور چھٹی کے روز بھی آلودہ ترین شہروں میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہا۔
فضائی آلودگی کی شرح 304 پر پہنچ گئی،ملکی سطح پر آلودگی کے حوالے سے ملتان 196اورپشاور 189 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے ، تیسرے نمبر پررہے ۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ کااے کیوآئی 164، پشاور کا 151 اور کراچی کا 107 ریکارڈ کیاگیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم اجتماعی کاوشوں سے ہی ہر فرد کی زندگی کا تحفظ کر سکتے ہیں۔ لاہور کے انٹری پوائنٹس پر بھاری گاڑیوں کا داخلہ سختی سے بند ہے ، گرین لاک ڈاؤن ایریاز میں کمرشل جنریٹرز کامعائنہ اور پانی کا چھڑکا ؤجاری ہے ، عوام اداروں سے تعاون کریں ،ہدایات پر عمل کرکے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں اوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر 52 دکانیں سیل کی گئیں، تحصیل ماڈل ٹاؤن 5، تحصیل اقبال ٹاؤن 11 تحصیل سٹی 10 ،تحصیل رائیونڈ 9، تحصیل واہگہ زون 5، تحصیل شالیمار 7 اورتحصیل راوی میں 5 دکانیں سیل کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ عوام سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں ،ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔