حکومت ،اپوزیشن بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں : پنجاب بار کونسل
لاہور (نیوز ایجنسیاں )وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری بابر وحید نے کہا ہے کہ حکومت ،اپوزیشن بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں ، ملک دشمن عناصر اپنی سازشوں میں کامیاب نہ ہوں اور معیشت کاپہیہ آگے چلتا رہے۔۔۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کوپنجاب بار کونسل کی 11منزلہ اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی دعوت دی جائے گی ، عمارت کی تعمیر کے لئے گرانٹ جاری کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشکور ہیں اور ہم پر امید ہیں کہ اس منصوبے کی تکمیل کیلئے مزید مالی معاونت بھی کی جائے گی ۔ اپنے بیان میں وائس چیئرمین چودھری بابر وحید نے کہا کہ پنجاب بار کونسل صوبہ بھر کے وکلا کا نمائندہ ادارہ ہے ، وکلا کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے موجودہ عمارت میں قائم شعبے اپنی پوری استعداد سے کام نہیں کر پا رہے ۔ پنجاب بار کونسل 11منزلہ اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کی تعمیر کے لئے عملی پیشرفت کر رہی ہے ، اس عمارت میں دو تہہ خانے بھی بنائے جائیں گے جس سے پارکنگ کے دیرینہ مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ ان کا کہنا تھا حکومت اور اپوزیشن سے اپیل ہے کہ حالات میں سدھار لانے کیلئے مذاکرات کی میز پر بیٹھا جائے تاکہ ملک دشمن عناصر اپنی سازشوں میں کامیاب نہ ہوں اور معیشت کاپہیہ آگے چلتا رہے ۔