پنشن میں سالانہ اضافہ ختم ،قوانین میں ترامیم منظور
لاہور (سیاسی نمائندہ)پنجاب کے سرکاری ملازمین کیلئے پنشن میں سالانہ اضافہ ختم کر دیا گیا۔پنجاب کے محکمہ خزانہ نے تین طرز کی پنشن میں سالانہ اضافہ ختم کردیا۔ پنشن میں اضافے پر بندش کا آغاز اب ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین پر ہو گا۔
سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے تمام انتظامی سیکرٹریزاور سربراہوں کو مراسلہ بھیج دیا۔محکمہ خزانہ کے 2015 میں جاری مراسلہ کے پیراگراف ون کے تحت جاری پنشن میں اضافہ جبکہ 2011 میں جاری کردہ مراسلہ کے پیراگراف ٹو کے تحت جاری اضافہ بھی ختم کردیا گیا۔اسی طرح فنانس ڈیپارٹمنٹ کے 2022 میں جاری لیٹر کے پیرا گراف ون کے تحت جاری پنشن میں اضافہ ختم کردیا گیا ۔ سیکرٹری خزانہ نے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ تمام محکمے اور ادارے 2 دسمبر2024 کے نئے مراسلے کے تحت پنشن میں اضافہ روکنے کیلئے دستاویزی اقدامات کریں۔دریں اثنا محکمہ فنانس پنجاب نے پنشن رولز میں ترامیم منظور کر دی ہیں۔ازخود ریٹائرمنٹ لینے والوں کی پنشن میں بھی کٹوتی ہو گی۔جلد ریٹائرمنٹ لینے والے 59 سالہ شخص کی پنشن میں 2 فیصد کمی ہو گی۔جلد ریٹائرمنٹ لینے والے 58 سالہ شخص کی پنشن میں 4 فیصد ،جلد ریٹائرمنٹ لینے والے 57 سالہ شخص کی پنشن میں 6 فیصد،جلد ریٹائرمنٹ لینے والے 56 سالہ شخص کی پنشن میں 8 فیصد ،جلد ریٹائرمنٹ لینے والے 55 سالہ شخص کی پنشن میں 10 فیصد کمی ہو گی جبکہ پنشن پانے والی بیواؤں کو پنشن 10 سال تک یا پھر دوبارہ شادی تک ملے گی۔ایک سے زائد شادی والے سرکاری ملازم کی بیواؤں میں پنشن برابر تقسیم ہو گی۔پنشن میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔