سکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں 10جنوری تک بڑھانے کی تجویز
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے تدارک سموگ کیس کے دوران تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 10 جنوری تک بڑھانے کی تجویز دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس میں کہا ہمیں ماہ جنوری پر توجہ کرنی چا ہئے کیونکہ جنوری میں سموگ دوبارہ آئے گی، محکمہ تعلیم کو چاہئے کہ چھوٹے بچوں کو سکول کی چھٹیاں جلدی کر دیں اور 10 جنوری تک چھٹیاں بڑھا دیں، پچھلے سال بھی ہم نے ایسا ہی کیا تھا، تعمیرات کو بھی ریگولیٹ کرنا ہوگا، ہفتے میں 2 سے 3 دن کام کرنے کی اجازت دینا ہوگی۔ ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ٹاؤن شپ کے پاس بس ڈپو میں درخت کاٹے گئے ہیں جس پر جسٹس شاہد کریم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سختی سے کہا تھا درخت نہیں کاٹے جائیں گے ۔ پی ایچ اے کے وکیل عدالت کو بتایا کہ درخت کاٹے نہیں گئے انکی ٹرمنگ کی گئی جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے ہم مطمئن نہیں ہیں ، درختوں کی کٹنگ ، ٹرانسپلانٹ اور ٹرمنگ بغیر اجازت نہیں کی جا سکتی، درخت کاٹنے والے کیس کو وزیراعلیٰ تک پہنچائیں ، وزیراعلیٰ خود اس کیس کو دیکھیں اور کارروائی کریں ، اگر چیف منسٹر کارروائی نہیں کریں گی تو میں خود کروں گا ، میں پی ایچ اے کے خلاف کریمنل کیس درج کراؤں گا۔عدالت نے جمعہ کے روز درخت کاٹنے اور ٹرانسپلانٹ کرنے کے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی اور سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی۔