آئی ایم ایف کی دوسری قسط، 5اہداف حاصل نہ ہونیکا خدشہ

 آئی ایم ایف کی دوسری قسط، 5اہداف حاصل نہ ہونیکا خدشہ

اسلام آباد (نمائندہ دنیا) آئی ایم ایف پروگرام کی دوسری قسط کیلئے 5 بڑے اہداف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ،ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ دسمبر اور جنوری میں اہم اہداف ٹارگٹ کے مطابق پورے نہیں کیے جا سکیں گے۔

 2 ڈسکوز کی نجکاری، ریونیو ہدف، زرعی آمدن پر ٹیکس، زرمبادلہ ذخائر، ایسٹ ڈیکلئریشن کا ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا، دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف کو یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جنوری 2025 تک دو ڈسکوز کی نجکاری کی جائے گی لیکن ذرائع نجکاری کمیشن بتاتے ہیں کہ جنوری تک یہ ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا، آئی ایم ایف حکام نے ایف بی آر سے دو ٹوک مطالبہ کیا ہے کہ دسمبر تک ریونیو شارٹ فال نہیں برداشت کیا جائے گا جبکہ ایف بی آر کو تقریباً 350 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا خدشہ ہے ، منی بجٹ کے بغیر ریونیو محصولات کا ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا، دستاویز کے مطابق تمام صوبوں کو اکتوبر تک زرعی آمدن پر ٹیکس لگانے کیلئے قانون سازی کا پراسس مکمل کرنا تھا جو نہیں ہو سکا،آئی ایم ایف کیساتھ یہ طے پایا تھا کہ مارچ تک مرکزی بینک کے پاس زرمبادلہ ذخائر 3 ماہ کے درآمدی بل کے برابر ہونا ضروری ہیں گزشتہ تین مہینوں کیلئے اوسط درآمدی بل 14 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہیں جبکہ مرکزی بینک کے پاس نومبر تک زرمبادلہ ذخائر 11.4 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے ، آئی ایم ایف کو یہ تحریری گارنٹی دی گئی ہے کہ فروری 2025 تک سرکاری افسروں اور ان کی فیملی ممبران کے اثاثوں کو ڈیکلیئر کیا جائے گا اور پرائیویٹ انفارمیشن کے تحت پروٹیکشن حاصل ہو گی لیکن ذرائع یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ فروری تک سرکاری افسروں کے اثاثوں کو ڈیکلیئر کرنے کی شرط پر عملدرآمد نہ ہونے کا خدشہ ہے ، آئی ایم ایف نے گیس کی قیمتوں کے نوٹیفکیشن کیلئے 15 فروری 2025 تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں