سیاست کا گند وہ جنہوں نے مینڈیٹ چوری کیا، شیخ وقاص
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں غریب پختونوں کو اٹھایا جارہا ہے ،اگر یہ کام بند نہ ہوا تو کے پی حکومت پھر آگے بڑھے گی، کیونکہ پارٹی کیلئے پنجابی، بلوچی، سندھی سب برابر ہیں،نئے جعلی کیسز بنائے جا رہے ہیں، سیاست کا گند وہ ہیں جنہوں نے مینڈیٹ چوری کیا، جو فارم47سے اقتدار میں آئے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہربخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پختون بھائی احتجا ج کیلئے اسلام آباد آئے تھے ،پنجاب میں پنجابیوں کو روکا گیا کہ وہ احتجاج میں شامل نہ ہوں،پرامن احتجاج ہمارا حق ہے ،پنجابیوں کو پتا ہے کہ ظالم ، جابر یہ حکومت ہے ، احتجاج میں جو لوگ شامل تھے حکومت نے ان کو گرفتار کرلیا ہے ، اسلام آباد میں اب نئی پکڑ دھکڑ کی جارہی ہے ،ریڑھی بانوں کو اٹھایا جا رہا ہے ،کاروباری افراد کو پکڑا جارہا ہے ،یہ لوگ احتجاج میں شامل بھی نہیں ہوئے تھے ،جو لوگ گرفتار ہیں ان کے ورثا کو عدالتوں میں بھی اٹھایا جارہا ہے ،احتجاج میں مارے گئے کارکنوں کی لاشیں جب ان کے آبائی علاقے پہنچ رہی ہیں تو وہاں پر ان کے لواحقین کو حکومت کی جانب سے دھمکایا اور تنگ کیا جارہا ہے ۔پولیس والے انسان بنیں، ہم ایسا نہیں کرنے دینگے ،سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بڑے پیمانے پر ہمارے کارکنوں کی دوبارہ گرفتاریاں شروع ہوگئی ہے ۔