مولانافضل الرحمن سے رانا ثنااللہ اور فیصل واوڈا کی ملاقاتیں
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اورسینیٹر فیصل واوڈ ا نے ان کی رہائش گاہ پرملاقاتیں کی ہیں ،رانا ثنااللہ میڈیا سے گفتگو کئے بغیر واپس چلے گئے۔
جبکہ فیصل واوڈا کا کہناتھاکہ مولانا فضل الرحمن کا گھر سیاسی قلعہ ہے ، نفرت کی سیاست ختم کرنے میں مولانا فضل الرحمن کا کردار اہم ہے ،جب سے مولانا نے پی ٹی آئی کو نیچے لگایا تب سے ان کا فین ہوں ۔تفصیلات کے مطابق راناثنااللہ نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بات چیت کی ،ملاقات میں سینیٹرکامران مرتضیٰ، مولانا اسعد محمود اور انس محمود بھی موجودتھے ،رانا ثنااللہ میڈیا سے بات چیت کئے بغیر مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے ۔فیصل واوڈا نے ملاقات میں سیاسی صورتحال اورمدارس کی رجسٹریشن کے متعلق بل پر بات چیت کی ۔ان کا میڈیا سے گفتگو میں کہناتھاکہ مولانا کی باتیں درست ہیں ، یہ ملاقات کسی ذاتی مفاد کے لئے نہیں تھی ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی نفرت کے خاتمہ کیلئے تمام جماعتوں کے پاس جاؤں گا،مذاکرات سے ہی معاملات آگے بڑھتے ہیں، میرا انداز قبائلی ہے دوستی اور دشمنی کھل کر نبھاتا ہوں ۔فیصل واوڈا کاکہناتھاکہ 26ویں آئینی ترمیم میں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ کوئی ہاتھ نہیں ہوا،ہم سب مولانا کے ساتھ لبیک کہیں گے ، بانی پی ٹی آئی میرے لیڈر تھے ا ن کی جان کو خطرات ہیں انہیں بچانے کیلئے کوشاں ہوں ۔