پنجاب ، پختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے
لاہور(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
لاہور، پتوکی، ننکانہ صاحب،واربرٹن، مانانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ، وزیر آباد، دینہ، سرائے عالمگیر،کھاریاں ،جہلم ،سرائے مغل، گجرات، کالا باغ اور مالاکنڈ سمیت خیبر پختونخوا کے متعددعلاقوں میں زلزلہ آنے پر لوگ خوفزدہ ہوکر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور کاروباری مراکز سے باہر نکل آئے ۔ زلزلہ پیما مرکز اورپی ڈی ایم اے کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ ہوئی، زیر زمین گہرائی 15 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز کھاریاں کا قریبی علاقہ تھا۔ کسی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ نہیں ملی۔