ملک میں انٹرنیٹ پھر سست روی کا شکار، اربوں کا معاشی نقصان
اسلام آباد (آئی این پی) ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ پھر سست روی کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں صارفین کو مشکلات کا سامنا، ملک کی معیشت کو یومیہ اربوں روپے نقصان ہو رہا ہے ، آن لائن کاروبار و کلاسز، سفر کیلئے رائیڈ بک کرنے والے شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین بھی مشکلات کا شکار ہیں۔
سوشل میڈیا ایپس پر نہ صرف ویڈیوز اور تصویریں ڈان لوڈ نہیں ہو رہیں بلکہ انٹرنیٹ پر دیگر ویب سائٹس کی براؤزنگ بھی سست روی کا شکار ہے ۔ کئی علاقوں میں وائی فائی سروس بھی متاثر ہے جس کی وجہ سے صارفین کو اپ لوڈنگ اور ڈاؤن لوڈنگ میں مسائل درپیش ہیں۔ آن لائن کاروبار، آن لائن کلاسز اور سفر کیلئے رائیڈ بک کرنے میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ فوڈ ڈلیوری رائیڈرز اور آن لائن ٹیکسی سروس سے جڑے دیہاڑی داروں کو اپنا روزگار خطرے میں دکھائی دے رہا ہے ۔ ای کامرس کا شعبہ شدید متاثرہوا، بزنس مین کو دوسرے ملکوں سے شپمنٹ منگوانے اور بھیجنے میں پریشانی کا سامنا ہے ۔ آئی ٹی ماہرین کے مطابق انٹرنیٹ کی سست روی اور بندش کے باعث ملکی معیشت کو یومیہ اربوں روپے نقصان ہو رہا ہے ، ٹیلی کام سیکٹر کا منافع 3ارب روپے یومیہ ہے لیکن انٹرنیٹ سست روی کی وجہ سے شعبہ شدید متاثر ہے ۔